25 جون ، 2012
لاہور… سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ارسلان افتخار کیس سازش ہے جو ان لوگوں نے تیار کی جنہوں نے تحریک انصاف بنوائی۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ ارسلان افتخار کیس ایک سازش ہے جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں وہ ملک ریاض سے کبھی ملیں تک نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دراصل یہ سازش ججوں کو ڈرانے اور جمہوری نظام لپیٹنے کیلئے تھی۔ عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ راجا پرویز اشرف کو وزیراعظم بنوا کر حکومت نے قوم کو برا پیغام دیا ، راجا پرویز اشرف پررینٹل پاور کرپشن کیس میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خط اور امریکی معافی کیلئے خود کو سولی پر لٹکایا جارہا ہے ، یہ عمل جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ عاصمہ جہانگیرنے کہا کہ سوئس حکومت کو خط لکھنا ہے تو عدالت رجسٹرار یا اٹارنی جنرل سے بھی خط لکھوا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ادارہ تباہ ہو تو باقی بھی تباہ ہو جاتے ہیں۔۔