25 جون ، 2012
لاہور… صدرِمملکت آصف علی زرداری کیخلاف توہین عدالت کی 2درخواستوں کی سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں تین رکنی فل بنچ تشکیل دیدیا گیاہے ۔ فل بنچ کی سربراہی چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عمر عطا بندیال کریں گے ، دیگر ارکان میں جسٹس اعجازالحسن اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔ فل بنچ 27 جون سے درخواستوں کی سماعت شروع کریگا،درخواست گزاروں کا موٴقف ہے کہ ہائیکورٹ کے فل بنچ نے 2عہدوں کے خلاف کیس میں صدر زرداری کو ایوانِ صدر کے اندر سیاسی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت کی تھی،لیکن صدر نے اس عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کی اور وہ ایوانِ صدر میں مسلسل پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔لہٰذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔