25 جون ، 2012
کراچی…وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے پیرپگارا سے ملاقات میں کہا کہ توانائی اور امن وا مان بڑے چیلنجزہیں،دعا ہے کہ مختصر عرصے میں ملک کیلئے کچھ کر سکوں۔پیرپگارا نے جواب دیا کہ کسی بھی مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کو تنہا نہیں چھوڑینگے۔وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے دورہ کراچی کے دوران راجہ پرویز اشرف نے کنگری ہاوٴس میں پیرصاحب پگارا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا کہ صدرآصف علی زرداری کے ساتھ سیاسی اتحاد کے علاوہ دوستی بھی ہے۔ مفاہمت کا جوعمل شروع کیاگیا تھاوہ جاری رہے گا۔کسی بھی مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کو تنہا نہیں چھوڑینگے۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملکی اداروں کو مضبوط کرنا ہے،ہرادارے کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے،ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کیلئے تمام عوامل اور وجوہات کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔