11 دسمبر ، 2016
اے ٹی آر جہاز بنانے والی فرنچ کمپنی نے طیارہ کریش کی تحقیقات میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ماہرین کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچ رہی ہےجو جائے حادثہ کا معائنہ بھی کرے گی۔
فرنچ ماہرین تحقیقات کرنے والے سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی ٹیم کے ہمراہ تحقیقات میں حصہ لے گی، ٹیم میں مینوفیکچرر اور دوسرے ایکسپرٹ شامل ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ اے ٹی آر کمپنی نے کریش ہونے والے جہاز جس کا کوڈ نیم یعنی کال سائن’’حسن ابدال‘‘ تھا کی تحقیقات میں شمولیت کی پیشکش بعض سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اے ٹی آر طیاروں کو غیر محفوظ قرار دینے کے بیانات کے بعد کی ۔
اے ٹی آر کمپنی کے طیاروں کو 30سال سے زائد عرصے سے د نیا بھر میں سول اور فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیاجارہاہے۔
جہاز کا بلیک باکس اور کاک پٹ وائس ریکارڈر منگل کے روز فرانس بھیجے جائیں گے،ڈی کوڈنگ کا عمل 2ہفتےمیں مکمل ہونے کی توقع ہے ۔