پاکستان
12 دسمبر ، 2016

بی جے پی کا پاکستان کے ٹکڑے کرنا دیوانے کا خواب ہے، چوہدری نثار

بی جے پی کا پاکستان کے ٹکڑے کرنا دیوانے کا خواب ہے، چوہدری نثار

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کا پاکستان کے ٹکڑے کرنا دیوانے کا خواب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کا پاکستان کو10 ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا بیان محض گیدڑبھپکی ہے، بھارتی حکومت کےہاتھ مظلوم کشمیریوں کےخون سےرنگے ہیں۔

چوہدری نثار کہتے ہیں کہ بھارت بلوچستان اورپاکستان کے دیگر حصوں میں کھلےعام مداخلت کر رہا ہے اور اس بات کا اعتراف بھی کرتارہا ہے، پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن بھارتی اجارہ داری قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہبھارت میں جبر و تشدد اور مذہبی منافرت ریاستی پالیسی کا حصہ ہیں، وہاں ریاستی سرپرستی میں مخالفین پرتشدد،لوگوں کامنہ کالاکیاجاتاہے،اقلیتوں کی نسل کشی جیسے بھیانک اقدامات بھارتی حکومت کا اپنے عوام کو تحفہ ہیں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان پرنکتہ چینی کےبجائے بھارت اپنی تنظیموں پر توجہ دے،بھارتی تنظیموں کا ایجنڈا اشتعال انگیزی، مذہبی تعصب اور اقلیتوں کی نسل کشی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کی موجودگی میں کسی اورکوہندوستان کوتقسیم کرنےکی ضرورت نہیں، بھارت کو مذہبی بنیادوں پر پاکستان نہیں، بی جے پی کی پالیساں تقسیم کر رہی ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ پاکستان نہیں،دہشت گردی کی وجہ وہ ملک ہیں جہاں انسانی حقوق کی پامالی ہو،بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کا استحصال کیا جاتا ہے، وہاں مسلمانوں، دلتوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں پر زندگی کا دائرہ تنگ کیا جاتا ہے۔

چوہدری نثار کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ اقلیتوں کی نسل کشی جیسے اقدامات بھارتی حکومت کا اپنے عوام کوتحفہ ہیں،بھارتی سرکار کی پالیسیوں سے بھارت میں اقلیتیں خوفزدہ ہیں،موجودہ بھارتی حکومت کی پرتشدد پالیسیاں کسی صورت قبول نہیں کریں گے،بھارتی تسلط تسلیم نہ کرنےکےاصول پرپاکستانی قوم متحد ہے۔

مزید خبریں :