25 جون ، 2012
ریاض … سعودی ماہرین فلکیات نے موسم گرما کے دوران درجہ حرارت 70 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی کردی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے مبالغہ آمیز قراردے دیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق عرب ماہر فلکیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے اخباری انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ آئندہ 60 روز کے دوران سعودی عرب میں سخت ترین گرمی پڑنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 50 سے تجاوز کرکے 70 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔جبکہ سعودی محکمہ موسمیات نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے اسے مبالغہ آمیز قرار دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہا ہے کہ ماہ جون کے موسمی ریکارڈ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 44 تا 49 ڈگری اور جدہ ڈویژن سمیت چند علاقوں میں درجہ حرارت 51 تا 52 ڈگری تک پہنچا ہے۔ دوسری جانب سعودی وزارت محنت نے تمام سرکاری وغیر سرکاری اداروں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ یکم جولائی تا 31 اگست دوپہر 12 بجے سے 3بجے تک کڑی دھوپ میں پیشہ ورانہ امور سرانجام نہیں دئیے جائیں اور رمضان میں درجہ حرارت 51 ڈگری پہنچنے پر کام معطل کردیا جائے۔