16 دسمبر ، 2016
بھارتی ٹیم تاریخ رقم کرنے کا عزم لیے جمعہ سے چنئی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پانچویں ٹیسٹ کیلئے میدان کا رخ کرے گی۔ میچ سے پہلے مہمان ٹیم انگلینڈ کو جھٹکا لگا ہے۔ سب سے تجربہ کار فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن پانچویں ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
یہ ہوم سائیڈ کیلئے بہت اچھی خبر ثابت ہوسکتی ہے۔ کیونکہ انگلش بولرز سیریز میں بھارتی بیٹسمینوں کو زیادہ پریشان نہیں کر پائے ہیں۔ میچ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اگر ہوم سائیڈ چنئی میں فتحیاب ہوئی تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ وہ انگلینڈ کو ایک سیریز میں مسلسل چار میچوں میں شکست دیں گے۔ ویرات کوہلی کی کپتانی میں مسلسل 5سیریز جیتنے والی بھارتی ٹیم زبردست فارم میں ہے البتہ عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کہتے ہیں کہ ہم نے ابھی سب کچھ حاصل نہیں کیا ہے۔
دنیا پر شاندار نقش چھوڑنے کیلئے ابھی بہت فاصلہ طے کرنا ہے۔ ہمیں اگلے 7-8سال تک مسلسل کامیابیاں حاصل کرنا ہوںگی۔ خیال رہے کہ بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کو بھی زیر کرچکی ہے۔
یہ میچ انگلش کپتان الیسٹر کک اور بھارتی اسپنر روی چندر ایشون کیلئے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔ الیسٹر کک کو ٹیسٹ کیریئر کے 11 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 2 رنز درکار ہیں۔ وہ یہ اعزاز پانے والے انگلینڈ کے پہلے دنیا کے دسویں کھلاڑی بن جائیں گے۔
ادھر بھارتی اسپنر ایشون کو ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر کی 250وکٹیں مکمل کرنے کیلئے مزید 3وکٹوں کی ضرورت ہے۔