25 جون ، 2012
مقبوضہ بیت المقدس … روس کے صدر ولادی میر پوٹن اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچ گئے ہیں،جہاں انہوں نے روسی فوجیوں کی یادگار کا افتتاح کیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق روسی صدر ولادی میر پوٹن آج تل ابیب کے ہوائی اڈہ بن گوریان پہنچے جہاں پر اسرائیلی وزیر خارجہ لیبرمین نے استقبال کیا۔ صدر پوٹن نے اسرائیلی صدر شمعون پیریز کے ہمراہ نتانیا شہر میں دوسری عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے سوویت فوجیوں کی یادگار کا افتتاح کیا جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی اور روس اسرائیل تعلقات بہتر کرنے پر تبادلہٴ خیال کیا۔ روسی صدر پوٹن فلسطینی علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔ گزشتہ 7 سالوں کے دوران روسی صدر پوٹن کا اسرائیل کا یہ دوسرا دورہ ہے اس سے قبل انہوں نے 2005ء میں بھی اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔