25 جون ، 2012
لاہور … پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے حکومت پنجاب کی طرف سے یونیورسٹی آف گجرات سمیت پنجاب کی 13 یونیورسٹیوں کیلئے ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے سے انکار کو علم دشمنی قرار دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التواء جمع کروا دی ہے۔ تحریک میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر فنانس ڈپارٹمنٹ نے پنجاب یونیورسٹی لاہور، بہاوٴالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور، کالج آف ویمن یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف سرگودھا، یونیورسٹی آف گجرات کے ڈیولپمنٹ فنڈز جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے جو نہ صرف پنجاب حکومت کے تعلیم کو عام کرنے کے نعروں کی نفی ہے بلکہ اس عمل سے ثابت ہو گیا کہ پنجاب حکومت کا اربوں روپے کا لیپ ٹاپ پروگرام کا اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے نہیں بلکہ صرف سیاسی مفادات سے تعلق ہے۔