پاکستان
25 جون ، 2012

کراچی: لیاری میں بدامنی، قتل، بھتا خوری کے خلاف ماری پور روڈ پر احتجاج

کراچی … کراچی کے علاقے لیاری میں بد امنی، قتل ، بھتا خوری، اغواء اور تشدد کے خلاف شہریوں نے ماری پور روڈ پر احتجاج کیا جس کے باعث 3 گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی، پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کیا۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں بد امنی، قتل ،بھتا خوری، اغواء اور تشدد کے خلاف شہریوں نے ماری پور روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک اور اس سے متصل پل کوٹریفک کیلئے بند کردیا، خواتین اور بچے بھی مظاہرے میں شامل تھے۔ مظاہرین نے ملزمان کی گرفتاری اور حکومتی بے حسی کے خلاف نعرے لگائے، اس دوران نامعلوم مشتعل افراد نے ٹریفک میں پھنسی متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے۔ 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج کو پولیس حکام نے پہلے مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی تاہم مظاہرین ڈٹے رہے، جس کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کر کے انہیں منتشر کردیا۔ اس دوران ہنگامہ آرائی کرنے والے متعدد افراد کو پولیس نے حراست میں بھی لیا اوران کے قبضے سے ایک پیٹرول بم برآمد کر لیا۔

مزید خبریں :