25 جون ، 2012
کوئٹہ…جمعیت علماء اسلام کو ئٹہ کے ا میر وسینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ جمعیت طلبہ اسلام کے زیراہتمام 28جو ن کو کوئٹہ میں اسلامی تہذیب کے حق اور نوجوانوں میں شعور کی آگاہی اور مغربی تہذیب کے خلاف” شیخ الہند کا نفرنس“ منعقد ہوگی۔ جماعت کے ضلعی دفتر میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دینی مدارس کی تعلیم ملک کے دیگر تعلیمی اداروں جس میں میڈیکل کالجز ،یونیورسٹی اور دیگر اداروں میں بھی دی جائے اور ان میں بھی ہماری تنظیم موجود ہے، طاغوتی قوتوں نے اسلام دشمنوں کے ساتھ ملکر ملک میں اسلام اور امت مسلمہ کو ہدف بنانے کا نعرہ لگارکھا ہے جس کے بعد شدت پسندی اور ترقی پسند کے نام پر نوجوانوں میں نفرت اور تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے ہماری کوشش ہے کہ لاڈ میکالے کے اس فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے ملا اور مسٹر کے فرق کو ختم کریں۔ انھوں نے کہاکہ اسلام ا ور امت مسلمہ کو متحد رکھنے کیلئے تعلیمی اداروں میں بھی اسلامی تعلیمات دی جائیں تاکہ ان اداروں سے فارغ التحصیل نوجوان اسلام اور امت مسلمہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے تحت 15سے 18ہزار مدارس ہیں جبکہ پاکستان میں 30سے 40ہزار مدارس موجود ہیں جن میں سے 90فیصد مدارس جے یو آئی سے وابستہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی اور اعتدال پسندی کو لڑاکر نادیدہ قوتیں اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں اس لئے وہ مدارس ،تعلیمی اداروں ،تفریحی مقامات ،کھیل کے میدانوں ،عدالتوں سمیت ہر جگہ بم دھماکے کرکے مذہبی دہشت گردی کا نام دیکر اسلام اور مدارس سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مذہب کو مذہب سے لڑایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ عوام اور طلباء اس کانفرنس میں بھر پور شرکت کرکے کامیاب بنائیں۔