25 جون ، 2012
پشاور … ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ ملک بھر کے 700 افراد تاحال لاپتہ ہیں، لاتعداد لاپتہ افراد ایسے بھی ہیں جن کے رشتہ دار ڈر کی وجہ سے سامنے نہیں آ رہے۔ پشاور صدر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاجی کیمپ میں آمنہ مسعود جنجوعہ نے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے مختلف علاقوں سے آنے والی خواتین اور مردوں سے ملاقات کی، جن کے عزیز و اقارب کئی سالوں سے لاپتہ ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو میں آمنہ مسعود جنجوعہ نے بتایا کہ ملک بھر کے 1200 افراد لاپتہ تھے، جن میں سے 500 افراد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ لاپتہ افراد کی بازیابی تک ان کی جدوجہدجاری رہے گی۔