19 دسمبر ، 2016
شام کے شمالی شہر حلب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے ترکی، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ منگل کے روز روس میں اہم ملاقات کر رہے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران جنگ زدہ شہر حلب سے انخلاء کا عمل مکمل ہونے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
ترک وزارت خارجہ کے عہدیدار نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ ماسکو میں ہونے والے اس بات چیت میں ایک دوسرے کا مؤقف سننے میں مددگار ہوگا تاہم کسی بڑے فیصلے کی امید کم ہی ہے۔
دوسری جانب حلب سے عام شہریوں اور باغیوں کے انخلا کا عمل جاری ہے اور اب تک ہزاروں افراد وہاں سے نکل گئے ہیں، تاہم اصل تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔