20 دسمبر ، 2016
اُنیبہ ضمیر شاہ...کراچی کے رہائشی جمیل جنگیان مال برادار کویتی جہاز ایم وی آکاز کے چیف آفیسر اور عملے کے ان 17پاکستانیوں میں شامل ہیں جو 4 ماہ سے زائد عرصے سے مصری حکا م کی تحویل میں ہے،شپنگ کمپنی نادہندہ تھی اس کی سزا محنت کشوں کو مل رہی ہے۔
عبدالمیعد کے بابا جمیل جنگیاں جب بھی بحری سفر سے واپس آتے اس کے ساتھ خوب کھیلتے تھے، بابا کی کمی اس کے چاچا پوری تو نہیں کرسکتے لیکن کوشش ضرور کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مصر کے سرد موسم اور نامناسب سہولتوں کے باعث عملے کے کئی ارکان بیمار ہیں۔
چیف آفیسر جمیل جنگیان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے حکومت سے اپیل کی ہے کہ شپنگ کمپنی پر واجب الادا ان کی 5 ماہ تنخواہیں اور مصر سے بحفاظت وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔
اپنے شوہر کی خیریت دریافت کرنے کے لیے ان کی بیگم مواصلاتی ایپلی کیشنز کے ذریعے ان سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں۔
جمیل جنگیان شپ سے مسکراتی ہوئی تصاویر اپنے بچوں کے لیے بھیجتے ہیں تاکہ انہیں یہ احساس تک نہ ہوکہ ان کے بابا کسی مشکل میں ہیں۔
مال برداربحری جہاز اس وقت مصر کے ساحلی علاقے بحیرہ احمر میں موجود ہے، جس کا ایندھن ختم ہوچکا ہے، مرمت نہ ہونے کے باعث انجن بھی خراب ہوچکا ہے جبکہ عملے کے پاسپورٹ بھی مصری حکومت کی تحویل میں ہیں۔