06 جنوری ، 2017
بے واچ اسٹار پامیلا اینڈرسن نے امریکی صدر باراک اوباما سے درخواست کی ہے کہ وہ گزشتہ برس امریکی صدراتی انتخابات کے دوران ڈیمو کریٹک ای میلز ہیک کرنے پر ویب سائٹ وکی لیکس کے سربراہ جولین اسانج کی معافی پر غور کریں۔
49 سالہ اداکارہ نے صدر اوباما کے نام مراسلہ تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے صدر اوباما سے کہا ہے کہ وہ اپنے صدارتی دور کے آخری ایام میں جولین اسانج کے خلاف ہیکنگ اسکینڈل کی تحقیقات روکنے اور معافی کی درخواست پر غور کریں۔
اداکارہ نے یہ خط اپنی آفیشل ویب سائٹ پر پوسٹ کیا ہے جس میں اداکارہ نے کہا ہے کہ میں جانتی ہوں کہ جولین کو ایک منفی شخص کے طور پر پیش کیا گیا ہے مگر وہ ایک ذہین شخص ہے جس کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے، وکی لیکس کے ذریعے اس نے جو مواد شائع کیا ہے وہ شفاف اور غیرسنسر شدہ ہے، وہ صرف سچ تھا،جولین اسانج اور وکی لیکس لازمی ہیں،خاص طور موجودہ سیاسی صورتحال میں ہمیں سچ بولنے والوں کی ضرورت ہمیشہ سے زیادہ ہے۔
مراسلے کے اختتام میں پامیلا نے صدر اوباما سے کہا ہے کہ وہ جولین اسانج اور ان کے بچوں کے بارے میں سوچیں ، انہوں نے لوگوں کو صرف کرپشن سے بچانے کی کوشش کی ہے۔ ممکن بنائیں کہ جولین اسانج آزادی سے سفر کرسکے اور اپنے بچوں اور ان کی ماں کو دیکھ سکے۔اس کا کوئی ایجنڈہ نہیں تھا اس نے صرف ہمیں معلومات فراہم کیں اور کرپشن سے بچایا۔