27 جون ، 2012
ٹھٹھہ … ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے دھانداری کے قریب دریائے سندھ میں کشتی الٹ گئی۔ کشتی میں 30 سے زائد افراد سوار تھے۔ ڈوبنے والوں میں سے 4 کی لاشیں اور 15 کو بیہوشی کی حالت میں دریا سے نکال لیا گیا۔ حادثہ دریا کی لہروں میں طغیانی کی وجہ سے پیش آیا۔ پاکستان فشرفورک فارم کے ضلعی صدر گلاب شاہ کے مطابق تیز ہواوٴں کی وجہ سے دریا کی لہروں میں طغیانی ہے اور کشتی میں لوگوں کی تعداد بھی زیادہ تھی جو حادثے کا سبب بنی۔انکا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر پانی کی گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کاسامنا ہے۔اب تک 4 افراد کی لاشیں اور 15 کو بیہوشی کے عالم میں نکال لیا گیاہے جن میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔ کشتی الٹنے سے دریا میں ڈوبنے والے کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے امدادی ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ کشتی میں سوار افراد بزرگ بابا اللہ ڈنو میندرو کی درگاہ پر عرس میں شرکت کے لئے جا رہے تھے۔حادثے کی اطلاع پر دھانداری کے قرب وجوار میں سوگ اوربے چینی پھیل گئی ہے۔