07 جنوری ، 2017
علی عمران سید...شام کے شہر اعزاز میں ہونے والے کار بم دھماکے کے نتیجے میں 60افراد ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں سے بیشتر کا تعلق احرار الشام تنظیم کے جنگجوؤں سے بتایا جارہا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق ترک سرحد کے قریب واقع شامی شہر اعزاز میں ایک مصروف مارکیٹ میں قائم شرعی عدالت کی عمارت کے پاس کار بم حملہ کیا گیا، جہاں پر احرار الشام کے درجنوں جنگجو جمع تھے۔
حملے میں 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسی علاقے میں گزشتہ برس اکتوبر میں ہونے والے ایک کار بم حملے میں 17 افراد مارے گئے تھے۔
دوسری جانب جنگ زدہ ملک شام میں تباہ حالی کی کوریج کے لیے موجود ’جیو نیوز‘ کی ٹیم بارودی سرنگ سے بال بال بچ گئی۔
’جیو نیوز‘ کی ٹیم نے آج حلب کے مشرقی علاقے کا دورہ کیا، جہاں ایک سال سے بجلی کی فراہمی بند ہے، مشرقی حلب کے صنعتی علاقے کے قریب جگہ جگہ بارودی سرنگیں بچھی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
’جیو نیوز‘ کی ٹیم نے علاقے میں موجود کئی باردوی سرنگوں کی نشاندہی کی،فٹ پاتھوں اور روڈ کے ساتھ کچے علاقے میں بھی بارودی سرنگیں موجود ہیں۔