27 جون ، 2012
کراچی…ایک طرف حکومت ملک میں خوردنی تیل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سورج مکھی کی فصل کاشت بڑھانے کے اقدامات کے بلند و بانگ دعوے کررہی ہے تو دوسری جانب اس سلسلے میں کام کرنے والے ادارے کو ہی بند کردیا گیاہے۔ ملک میں خوردنی کی تیل کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کاشتکاروں کو حکومت سندھ کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سورج مکھی کے بیج مفت تقسیم کئے گئے ۔ صرف میرپورخاص ضلع میں کاشتکاروں کو ڈیڑھ لاکھ ٹن سے زائد سورج مکھی کا بیج مفت فراہم کیا گیا۔ سال میں دوبار ہونے والی فصل کی آمدنی بھی مناسب ہونے کے باعث کاشتکار اس فصل میں دلچسپی بھی لے رہے تھے۔ تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ اس سلسلے میں کام کرنے والا اہم ادارہ ہی بند کردیا گیاہے جس کے باعث سورج مکھی کے بیج کی کاشت پر منفی اثرات پڑنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ حکام تصدیق کرتے ہیں کہ سورج مکھی کے بیج کی پیداوار کے حوالے سے قائم ادارہ کافی وقت سے بند ہے۔