دنیا
10 جنوری ، 2017

بھارتی فوجی زیرعتاب، کنٹرول لائن سے ہٹاکر پلمبر بنادیا

بھارتی فوجی زیرعتاب، کنٹرول لائن سے ہٹاکر پلمبر بنادیا

جلے ہوئے پراٹھے اور نمک ہلدی والی دال کیا دکھائی،بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ڈھول کا پول کھل گیا،فوجی اہل کار کو لائن آف کنٹرول سے ہٹا کر پلمبر بنادیا گیا، تیج بہادر کہتا ہے ہمت کرکے سچ بولا،تحقیقات ہوئیں تو دال میں کالا سامنے آجائے گا۔ بھارتی فوج کا بھانڈا پھوڑنے والی ویڈیو ہٹانے سے بھی انکارکردیا ۔

ناشتے میں جلا ہوا پراٹھا، ایک کپ چائے، دوپہر میں صرف 2 روٹیاں، مصالحے اور گھی کے بغیر بنی دال، اور شام میں کھانا کبھی ملا اور کبھی نہیں، بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار تیج بہادر نے سوشل میڈیا پر اپنی ہی فوج کی پول کیا کھولی، اسے ایل اوسی ہٹا کر پلمبر کی ڈیوٹی پر لگادیا گیا۔

تیج بہادر کا کہنا ہے کہ پلمبر ہی سہی، لیکن ڈیوٹی تو کرنا ہے منع نہیں کرسکتا، تحقیقات ہوں گی تو سب کھل کر سامنے آجائے گا، تیج بہادر کے مطابق گودام بھارتی فوجیوں کی خوراک کے لیے بھرے پڑے ہیں، پر انہیں کھانا دینے کیلیے کچھ نہیں۔تیج بہادر کے الزامات کی تحقیقات کیا ہوتیں بی ایس ایف کے سربراہ نے تیج بہادر کے خلاف ہی تحقیقات کا اعلان کردیا، کہا تیج بہادر نے سرحد پر موبائل فون لیجاکر قوانین کی خلاف ورزی کی۔

شکایت کے ازالے کے بجائے بھارتی اہل کار کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا، ڈیوٹی پر موجود اہل کار کے پاس موبائل فون اندرکیسے آیا؟ پریشان آئی جی بی ایس ایف کا کہنا تھا کہ مانتے ہیں کہ کھانے کا ذائقہ بہت اچھا نہ ہو لیکن ایسی شکایت ابھی تک کسی اور جوان نے نہیں کی، معاملہ حساس نوعیت کا ہے۔

اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیگی کہ دوران ڈیوٹی تیج بہادر کے پاس موبائل فون کیسے موجود تھا، ساری تحقیقات کرنے کے بعد ہی اس کے مطابق کارروائی کرینگے، بھارتی فوجی اہل کار نے غیرمعیاری کھانا ملنے پر وڈیوسوشل میڈیا پرڈال دی تھی جس کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ نے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

 

مزید خبریں :