10 جنوری ، 2017
امریکا میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب، ترکی میں شدید ترین برفباری سے نظام زندگی متاثر تو یونان میں شدید سردی اور برف باری نے پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
کہیں برف کا طوفان تو کہیں سیلابی ریلے،امریکا میں کیلیفورنیا اور نیواڈا میں طوفانی بارشوں نے سیلابی کیفیت پیدا کردی ہے، متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرے، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل، پانچ لاکھ ستر ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، بارشوں کا سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر بولیویا میں بھی تین روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچائی دی، متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، سیکڑوں افراد نقل مکانی کر گئے،جبکہ ترکی کے شہر استنبول میں سات سالہ تاریخ کی شدید ترین برفباری سے نظام زندگی بھی منجمد ہوگیا، چار روز سے جاری برفباری اور گہری دھند کے باعث پراوزیں، سمندری اور زمینی ٹریفک معطل ہے،
اسکول بند، سرکاری ملازمین کے اوقات کار کم کر دیے گئے، برفباری بدھ تک جاری رہے گا،ترکی کے پڑوسی ملک ، یونان میں شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت منفی اٹھارہ تک گر گیا، لیسبوس کے پناہ گزین جہاں پر شام سمیت دیگر مشرق وسطی کے ملکوں اور افغان پناہ گزین یخ بستہ راتیں کیمپوں میں گزارنے پر مجبور ہیں، اقوام متحدہ نے یونانی حکام کو پناہ گزینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔