27 جون ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، نیا آئین اور ادارے بنانے کی طاقت رکھتی ہے ، میثاق جمہوریت میں طے پایا تھا کہ ایک نئی آئینی عدالت بنائی جائے گی،نوازشریف دست خط کرکے اب پیچھے ہٹ رہے ہیں۔اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آئین نے پارلے منٹ نہیں بنائی بلکہ یہ پارلے منٹ ہے جس نے آئین بنایا اور چاہے تو نیا آئین بنادے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پارلے منٹ ہی سپریم ہے،موجودہ اداروں کو ختم کرکے نئے ادارے بنانے کی طاقت بھی رکھتی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں این آر او عملدرآمد پر پہلے بھی آئین کے مطابق جواب دیا اب بھی آئین کے مطابق ہی جواب ہوگا۔ ایک اور سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف بے نظیر بھٹو کا انتخاب تھے ،انہیں رینٹل منصوبوں کے بارے میں بیورکریسی نے غلط اعداد شمار اور بریفنگ دیں،انہوں نے خود سے کچھ نہیں کیا۔وزیراطلاعات نے کہاکہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلناہے،اسی لیے بڑی کابینہ بنائی،پرویز الہٰی کو اعزازکے طور پر نائب وزیراعظم بنایا،وزراء پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کا تاثر غلط ہے۔