10 جنوری ، 2017
افغان حکام نے طالبان کیلئے افغانستان میں 'سیف زون قائم کرنے کی تجویز دے دی۔
افغانستان کے اندر 'سیف زون کے حوالے سے قندھار پولیس کے سربراہ کہتےہیں جنگ کے خاتمے کے لئے دوسری حکومتوں پر مزید انحصار نہیں کرسکتے، طالبان بھی اس سرزمین کا حصہ ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قندھار پولیس کے سربراہ عبدالرازق نے ایک اجتماع سے خطاب میں طالبا ن کے لئے محفوظ علاقہ قائم کرنے کی تجویز دی اورطالبان سے واپس آنے کاکہا۔ خبر ایجنسی کا افغان حکام کے حوالے سے کہناہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ طا لبان پاکستان سے اپنے وطن واپس لوٹ آئیں، پھر چاہے وہ لڑیں یا بات چیت کریں۔
گزشتہ سال طالبان کے سیاسی کمیشن کے سربراہ کی جانب سے اپنی قیادت کےنام خط میں یہ بھی کہاگیا تھاکہ آزادانہ فیصلوں کے لئے ضروری ہے کہ قیادت اپنے ملک میں رہے۔افغان سیکیورٹی حکام کے مطابق طالبان کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے تاہم انہیں محفوظ علاقے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
دوسری جانب صوبہ ہلمند کے سابق گورنر شیر محمد اخونزادہ نے اس تجویز کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان پہلے ہی ملک کے ایک بڑے حصے پر قابض ہیں۔