12 جنوری ، 2017
پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ہی پالیسیاں نظرانداز کرنے لگا اور70سال سےزائد عمر کے افراد کو ملازمتیں دے رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے70سال سے زائد عمر کے ملازمین کے لئے اپنی پالیسی کو موثر بنانے کا دعوی کیا تھا اور سابق کپتان انتخاب عالم بھی اس پالیسی کے تحت ملازمت سے فارغ ہوئے ،دو ہفتے پہلے کراچی میں ہونے والی گورننگ بورڈ میٹنگ میں بھی ایسے ملازمین کی حوصلہ شکنی کرنے کا کہا گیا لیکن اس وقت بھی بورڈ میں کئی ملازم ایسے ہیں جن کی عمر ستر سال سے زائد ہے۔
ان میں سے ایک ملازم اور سابق ٹیسٹ اوپنر محمدالیاس کو کلب کرکٹ کا کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا،اب محمد الیاس کو خواتین سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے ۔ایک اور پالیسی کو نظر انداز کرکے محمد الیاس،علی ضیاء اور منصور رانا کو ایک سے زائد عہدے بھی دیئے گئے ہیں۔
علی ضیا ء کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا رکن بنایا جارہا ہے،وہ قومی اکیڈمی کے جنرل منیجر ہیںجبکہ منصور رانا قومی اکیڈمی کے کوچ ہیں انہیں ایک سال کے لئے پاکستان انڈر19ٹیم کا کوچ بنایا گیا ہے۔سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان بھی ایک سال کے لئے پاکستان انڈر19ٹیم کے منیجر بن گئے ہیں۔