کھیل
13 جنوری ، 2017

پہلا ون ڈے،آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

پہلا ون ڈے،آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔برسبین میں کھیلے جارہے میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں پروفیسر محمد حفیظ اور عمر اکمل کی واپسی ہو ئی ہے۔

پاکستان کے اسکواڈ میں اظہر علی ( کپتان ) ، شرجیل خان، محمد حفیظ، بابر اعظم، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم ،محمد نواز، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی کہتے ہیں کہ سرفراز احمداور محمد عرفان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔

ادھرآسٹریلوی ٹیم میں دونئے چہرے شامل کئے گئے ہیں، طویل القامت فاسٹ بولر بلی اسٹین لیک اور مڈل آرڈر بیٹسمین کرس لین ڈیبیو کریں گے، آرون فنچ کے ڈراپ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ٹریوس ہیڈ کی رفاقت میسر ہو گی۔

کینگروز اسکواڈ ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ،ا سٹیون اسمتھ، کرس لین، مچل مارش، گلین میکسویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، مچل ا سٹارک اور بلی ا سٹین لیک پر مشتمل ہے۔ گابا پر پہلے ون ڈے میچ میں بڑا اسکور ہونے کی توقع ہے، گراؤنڈ میں کھیلے گئے آخری دو میچز میں 300 رنز سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کینگروز کیخلاف ان کی سرزمین پر گزشتہ 15 میچز میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی، گرین شرٹس نے آخری دفعہ 2005 میں میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں 8 ویں پوزیشن پر موجود ہے اور ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی نہ کرنے کا چیلنج درپیش ہے اور اگلے 9 ماہ میں ہر فتح اور شکست ٹیم کیلئے اہمیت کی حامل ہو گی۔

مزید خبریں :