13 جنوری ، 2017
خیبر پختونخوا کے سابق وزیر ضیا اللہ آفریدی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر برس پڑے ،کہا کہ عمران خان احتساب کی آڑ میں مجھ سمیت ذلیل ہونے والے تمام افسران سے معافی مانگیں۔
سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف سے نکالے گئے خیبرپختونخوا اسمبلی کےرکن ضیاء اللہ آفریدی نےکہا ہے کہ احتساب کمیشن ایک کرپٹ ادارہ ہے اور خراب گورننس کی ایک مثال ہے،سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ازخودنوٹس لیکراس کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کروائیں اورعمران خان غلط احتساب کرنے پر مجھ سمیت صوبے کےعوام سےمعافی معانگیں۔
پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ضیاء اللہ آفریدی نے انکشاف کیا کہ احتساب کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر میجر احسن نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو خط لکھ کر کمیشن کے ممبران کی بدعنوانی سے آگاہ کیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ احتساب کمیشن فرد واحد نے اپنے مخالفین کے خلاف بنایا جبکہ اس کے حکام خود بدعنوانی میں ملوث ہیں۔
ضیاء اللہ آفریدی کاکہناتھا کہ عمران خان پوری دنیا کے سامنے گڈ گورننس اور مغربی جمہوریت کا راگ الاپتے ہیں لیکن ان کے اپنے احتساب کمیشن میں ڈائریکٹرز اور کمشنرز ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔