13 جنوری ، 2017
گلگت بلتستان میں خون کو جما دینے والی خشک سردی کی لہر جاری ہے، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سنٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سکردو شہر اور مضافات میں درجہ حرارت منفی 13ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 18 تک پہنچ گیا ہے، شدید خشک سردی کی یہ لہر ہفتے سے کم ہونے کا امکان ہے۔
ملک بھر میں ہر طرف سردی ہی سردی ہے، کہیں موسم سرما کی پہلی بارش نے درجۂ جرارت کو کم کردیا تو کہیں کالے بادل برسنے کا انتظار کررہے ہیں، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 18 تک پہنچ گیا، محکمہ موسمیات مزید بارش ہونے کی پیش گوئی کردی۔
ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا،استور میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
درجہ حرارت کم ہوتے ہی شہری گھروں میں محصور ہوگئے، مناظر پر برف کی تہہ جم گئی، لائنوں میں پانی نے برف کی شکل اختیار کرلی، سڑکوں پر برف کی تہہ جم جانے سے لوگوں کو نہ صرف پیدل چلنے میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بُری طرح متاثر ہورہی ہے۔
بلوچستان کے شہر حب میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سرد ہوگیا، خضدار میں بھی برسات ہوتے ہی موسم کا موڈ تبدیل ہوگیا۔
مالاکنڈ ڈویژن، آزادکشمیر، مری سمیت بالائی علاقوں میں حالیہ برف باری اور بارش کے بعد ٹھٹھراتی سردی برقرار ہے۔
پنجاب کے شہروں میں بھی سردی نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، سندھ میں بھی کہیں کالے بادل چھائے رہیں تو کہیں باران رحمت برسا جبکہ کہیں ٹھںڈی ہواؤں نے موسم کو ٹھنڈاکردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، فاٹا، کشمیر اور گلگت میں کہیں مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔