28 جون ، 2012
اسلام آباد … وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں گیس کی طلب کے مقابلے میں پیداوار کم ہے،موجودہ شارٹ فال آئندہ 8 سال میں دُگنا ہوسکتا ہے۔ سیکریٹری پیٹرولیم اسلام آباد میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کو بریفنگ دے رہے تھے۔ کمیٹی کا اجلاس محمد یوسف کی صدارت میں ہوا، بریفنگ میں سیکریٹری پیٹرولیم اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ ضرورت کے مطابق پاکستان میں اس وقت گیس کی یومیہ 3 ارب مکعب فٹ کی کمی ہے، صورتحال یہی رہی تو یہ 2020 تک یہ بڑھ کر 6 ارب مکعب فٹ تک پہنچ جائے گی۔ سیکریٹری پیٹرولیم نے کمیٹی کو بتایاکہ گیس کی پیداوار کم ہوتی جارہی ہے، درآمدی گیس کے بغیر گزارا مشکل ہے جس میں ایران اور ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے منصوبے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس سے قبل ایم ڈی پی ایس او اور گیس کمپنیز کے ایم ڈیز کی اجلاس میں عدم شرکت پر کمیٹی ارکان نے برہمی کا اظہار کیا۔