28 جون ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں بم دھماکے میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے، متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق ہزار گنجی میں ایران سے کوئٹہ آنے والی مسافر بس کے قریب اس وقت دھماکا ہوا جب مسافر بس اڈے پر پہنچی، دھماکے میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ واقعے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز ندیم کوثر کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکے سے بس اور پولیس موبائل کے علاقہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 15 سے 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، ایسا لگتا ہے کہ کسی گاڑی کے ذریعے ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کیا گیا، جس میں زائرین کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔ سی سی پی او کوئٹہ کا مزید کہنا ہے کہ زائرین کی بس کے ساتھ پولیس موبائل بھی تھی، دھماکے میں ایک پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوا۔ ذرائع کے مطابق زائرین کی بس کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی پہنچی تو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کردیا گیا جس کے نتیجے میں بس الٹ گئی اور پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت مسافر بس میں 40 سے 50 افراد موجود تھے، دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔