31 جنوری ، 2017
سپریم کورٹ نے چیئرمین پیمرا کی اپیل پر نجی چینل کو نوٹس جاری کر دیا، ہائیکورٹ کو چیئرمین پیمرا کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی سے بھی روک دیا گیا۔
جسٹس امیرہانی مسلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ سندھ ہائیکور ٹ میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر کے خلاف کل سماعت ہو رہی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ہائیکورٹ کو ڈکٹیٹ کریں۔
وکیل پیمرا نے کہا کہ اس اینکر کے پروگرام میں نفرت انگیز تقاریر پر 100کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں، نجی چینل نے پیمرا آرڈر کی خلاف ورزی کی، جس دن آرڈر پاس کیا گیا اسی رات موصوف کا شو آن ایئر ہوا۔
جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ دوسری پارٹی کو سنے بغیر فیصلہ نہیں دیا جاسکتا۔
چیئرمین پیمرا کی طرف سے کہا گیا کہ پروگرام میں لوگوں کو اشتعال دلایا جا رہا ہے،عدالت اپنی آبزرویشن دے دے کہ نفرت انگیز تقریر کا استعمال بند کیا جائے۔
اس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ اس وقت صرف نوٹس جاری کرسکتے ہیں، دوسرے فریق کو سننا لازمی ہے۔