07 فروری ، 2017
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تباہ کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ کے بڑے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ بدھ کو دبئی میں سر جوڑ کر بیٹھ رہے ہیں جس میں مستقبل کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔
مصباح الحق کے مستقبل سمیت نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بات چیت ہوگی۔ پی سی بی چیئر مین شہریار خان نے پیر کو جنگ کو بتایا کہ میٹنگ دبئی میں طلب کی گئی ہے جس میں مکی آرتھر، انضمام الحق کے علاوہ شہریار خان، نجم سیٹھی اور سبحان احمد شرکت کریں گے۔
امکان ہے کہ بڑوں کی اہم میٹنگ کے دوران قومی ٹیم کی شکست کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔مکی آرتھر اور انضمام الحق کا نکتہ نظر اہم ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں ضرورت پڑنے پر ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، ون ڈے کپتان اظہر اعلی اور ٹی ٹوئینٹی کپتان سرفراز احمد کو بھی بلایا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اور انضمام الحق الگ الگ سوچ رکھتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ کے بڑے مکی آرتھر سے کوچز کی کارکردگی کے بارے میں بھی جاننا چاہتے ہیں۔ کیوں کہ کئی کوچز کی کارکردگی اوسط درجے کی رہی ہے۔ شہریار خان کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کے پی ایس ایل کا ایک ماہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اسی دوران کئی فیصلے ہوں گے۔