30 جون ، 2012
حیدر آباد … صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا ہے کہ اگر موجودہ حالات میں بلدیاتی انتخابات کرائے گئے تو قومی انتخابات آگے بڑھانا ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات حیدرآباد سرکٹ ہاوٴس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ایاز سومرو کا کہنا تھا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد 1979ء کا ایکٹ پاس ہوا اگر بلدیاتی انتخابات کرانے ہیں تو وہ اسی ایکٹ کے تحت ممکن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2012ء کے بلدیاتی فارمولے پر ابھی کام جاری ہے اور اس میں 75فیصد تک کام ہوچکا ہے۔ ایاز سومرو کا کہنا تھا کہ اتحادوں سے جن باتوں پر اتفاق ہوا ہے ان میں مئیر اور لارڈ مئیر کی تعیناتی اور چیئرمین میونسپل کونسل اور ضلع کونسل شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر بلدیاتی انتخابات کرائے گئے تو ہوسکتا ہے قومی الیکشن آگے بڑھ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صوبے کے معروضی حالات لکھ کرسپریم کورٹ کو بھیج دئیے ہیں۔