30 جون ، 2012
لاہور … وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ الیکشن میں آٹھ 9 ماہ رہ گئے ہیں، کارکن تیاری کرلیں، ایک ہفتے کے اندر ارکان اسمبلی کیلئے مراعات کا اعلان کیا جائے گا، رینٹل پاور کا معاملہ صحیح انداز میں سمجھا ہی نہیں گیا، سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے حکومتی جواب کا پتہ 12جولائی کو چل جائے گا۔ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے مزار اقبال پر حاضری دی اور بعد میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کیلئے انکی رہائش پر پہنچ گئے۔ ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھاکہ یوسف رضا گیلانی پارٹی کے سینئر رہنما ہیں ان سے وہ رہنمائی لیتے رہیں گے۔ دونوں رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کا وقت آنے پر پتہ چل جائے گا۔ اس سے قبل گورنر ہاوٴس میں سینئر صحافیوں، وکلا اور پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتوں میں وزیر اعظم نے کہا دسمبر 2009ء میں بجلی بحران ختم کرنے کا بیان ان کا پیچھا نہیں چھوڑ رہا، رینٹل پاور پراجیکٹس کا معاملہ صحیح انداز میں سمجھا ہی نہیں گیا جبکہ افواج پاکستان کا کردار ماسوائے اقتدار پر قبضہ کرنے کے ہمیشہ مثبت رہا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عدلیہ، افواج اور پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے محترم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کم ہونے میں چند روز لگ سکتے ہیں، رینٹل پاور پراجیکٹس ان کی ایجاد نہیں، بلکہ یہ انہیں ورثے میں ملے، مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات میں وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ الیکشن میں آٹھ 9 ماہ رہ گئے ہیں، کارکن تیاری کرلیں، اس موقع پر ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم سے نوکریاں، فنڈز اور اسلحہ لائسنس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔