پاکستان
30 جون ، 2012

احتساب عدالت،عاشق حسین کو36 سال قید اورساڑھے چار کروڑ روپے جرمانہ

لاہور…توانا پاکستان پروجیکٹ میں 111ملین روپے کی بدعنوانی پراحتساب عدالت نے پروجیکٹ ڈائریکٹرعاشق حسین سمیت چھ ملزمان کومجموعی طور پر 36 سال قید اورساڑھے چار کروڑ روپے جرمانے کی سزاسنادی۔توانا پاکستان پروجیکٹ میں111ملین روپے کی بدعنوانی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر قومی احتساب بیورو کی جانب سے تحقیقات کے بعد احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔احتساب عدالت نے بدعنوانی کا جرم ثابت ہونے پرتوانا پاکستان پروجیکٹ کے ڈائریکٹرعاشق حسین،ڈی ڈی او محمد اشرف اورآفس سیکرٹری ظہور محمد کو پانچ پانچ سال قید اور 50،50لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنادی جبکہ پرائیویٹ کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے مجرموں فدا حسین اعوان،محمد عظیم اور تنویر اعظم کو سات سات برس قید اور ایک ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے ،جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزمان کو مزید ایک ایک برس قید کی سزا بھگتنا ہوگی اور جرمانے کی وصولی جائیداد کی نیلامی سے کی جائے گی۔عدالت نے ایک ملزم افتخار علی خان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔توانا پاکستان پروجیکٹ کے ڈائریکٹرعرفان اللہ خان کو پہلے ہی اشتہاری مجرم قرار دیا جاچکا ہے۔

مزید خبریں :