31 مارچ ، 2017
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری 4 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 3 رنز سے شکست دے دی ہے۔ میچ میں جیت کے ساتھ گرین شرٹس نے سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔مین آف دی میچ شاداب خان قرار پائے ، وہ مسلسل دوسری بار مین آف دی میچ رہے ہیں۔
میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 133رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں کالی آندھی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بنا سکی۔ٹیم کی جانب سے مارلن سیموئلز 44 رنز اور جیسن ہولڈر 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
میچ کے دوران پاکستانی اوپنر احمد شہزاد فیلڈنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین بیٹسمین چیڈوک والٹن سے ٹکرا کر زخمی ہوگئے تھے۔ ان کی گردن اور بازو میں شدید جھٹکا آیا اور انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا۔ لیکن تھوڑی دیر بعد طبیعت بہتر ہونے پر میدان میں واپس آگئے تھے۔
گرین شرٹس کی جانب سے آج شاداب خان کی ایک اور زبردست پرفارمنس سامنے آئی۔ انہوں نے مقررہ 4 اوورز میں 14 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔گرین شرٹس مقررہ 20 اوورز میں 132 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ ٹیم کی جانب سے شعیب ملک 28، بابر اعظم 27 اور وہاب ریاض 24 کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔
کالی آندھی ٹیم کی جانب سے ٹی 20 کپتان کارلوس براتھویٹ اور سنیل نرائن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیموئل بدری نے 2 شکار کیے تھے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی 20 یکم اپریل کو پورٹ آف اسپین میں ہی کھیلا جائے گا۔