04 جولائی ، 2012
لاہور … سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے کردار ادا کرنے کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا جبکہ حکومت پنجاب نے تمام گرفتار ینگ ڈاکٹروں کی رہائی کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سینئر ڈاکٹروں کی ملاقات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے اپنی ہڑتال ختم کردی ہے اور حکومت نے تمام گرفتار ینگ ڈاکٹروں کو فوری رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سینئرڈاکٹرز نے ملاقات کی، جس میں رانا ثناء اللہ، زعیم قادری، چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات سے قبل سینئر ڈاکٹرز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وہ ینگ ڈاکٹرز کا اعتماد لے کر آئے ہیں، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ینگ ڈاکٹرز مانیں گے۔ سینئر ڈاکٹرز کے ساتھ مذاکرات میں طے پایا کہ حکومت پنجاب گرفتار ینگ ڈاکٹرز کو فوری رہا کررہی ہے جبکہ ینگ ڈاکٹرز نے بھی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں طے پایا کہ ینگ ڈاکٹرز کے سروس اسٹرکچر اور دیگر مطالبات پر بھی غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ ابھی صرف ایمرجنسی ڈیوٹی پر آنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سروس اسٹرکچر اور دیگر مطالبات کی منظوری پر ان ڈور اور آوٴٹ ڈور میں بھی ہڑتال ختم کردیں گے۔