04 جولائی ، 2012
پشاور…خیبر پختون خوا اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی نے سرکاری دفاتر کے لییلگژری گاڑیاں خریدنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آئندہ یہ روش ترک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس قائم مقام چیئرمین ثاقب اللہ چمکنی کی صدارت میں ہوا۔ جس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ سیلاب کے دوران متاثرین کی مدد کے لییلگژری سرکاری گاڑیاں خریدی گئیں۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آیندہ سرکاری فنڈز سے عام گاڑیاں خریدی جائیں۔ اجلاس میں 2008-2009کے دوران آئی ڈی پیز میں تقسیم 77کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کی آڈٹ رپورٹ پیش نہ کرنے پر آڈٹ حکام کی سرزنش کی اور یہ رکارڈ آیندہ تین ہفتوں میں پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی نے تقسیم کیے گئے معاوضوں کے گوشوارے ہاتھ سے تیار کرنے اور متعلقہ حکام کے دستخط اور مہر نہ ہونے پر بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔