پاکستان
25 اپریل ، 2017

کراچی: اردو بازار میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مکمل،5 ہلاک

کراچی: اردو بازار میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مکمل،5 ہلاک

اردو بازار کراچی میں 7گھنٹے تک مقابلہ ہوا، دہشتگردوں کے خلاف رینجرز کی کارروائی میں خاتون سمیت 5افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک کو گرفتار کر کے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا۔ مقابلے میں4 اہل کار زخمی ہو گئے۔ کامیاب آپریشن پر عوام نے رینجرز کے حق میں نعرے لگائے۔

کراچی کے علاقے اردو بازار میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے انٹیلی جنس اطلاع ملنے پر ایک عمارت میں دہشت گردوں کی موجود گی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر کریکر بموں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

رینجرز اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا تاہم دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں اور رینجرز حکام کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اسی دوران دھماکے بھی سنے گئے۔

7 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن میں ایک خاتون اور پانچ سالہ بچے سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔

رینجرز کے مطابق بچہ اور خاتون ملزمان کے ساتھ گھر میں ہی موجود تھے اور دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کے نتیجے میں بچہ ہلاک ہوا۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد شہر میں کسی بڑی کارروائی کا ارادہ رکھتے تھے۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقہ مکینوں نے رینجرز کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

مزید خبریں :