06 جولائی ، 2012
لندن… برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے کہا ہے کہ وہ کیریئر میں پہلی بار ومبلڈن اوپن کا ٹائٹل جیتنے کیلئے بے تاب ہیں۔ اینڈی مرے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ومبلڈن کے سیمی فائنل تک رسائی ناکافی ہے وہ 1938 کے بعد میگا ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ اس سے قبل بنی آسٹن نے انگلینڈ کی طرف سے گرینڈ سلیم کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ فریڈ پیری 1936 میں انگلینڈ کی طرف سے گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ اینڈے مرے نے کہا کہ جوویلفریڈ تسونگا کے خلاف ان کا ریکارڈ اچھا رہا ہے تاہم وہ حریف کھلاڑی کو سیمی فائنل میں آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس سے قبل بھی متعدد بار سیمی فائنل کھیلنے کا موقع ملا تاہم وہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے لیکن اس بار فائنل میں جگہ بنانے کیلئے سنہری موقع ہے اور اسے ضائع نہیں کروں گا۔