05 مئی ، 2017
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان کہلائے جا نے والے 42 سال کے مصباح الحق نے 2010ء میں قومی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
گزشتہ سات سال سے ٹیم پاکستان کی قیادت کر نے والے مصباح الحق قیادت کے منصب پر طویل عرصہ گذارنے والے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔
یہی نہیں بلکہ فتوحات کے اعتبار سے مصبا ح الحق نے عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
برج ٹاؤن بارباڈوس میں میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف 106رنز کے فرق سے ہارنے والی ٹیم پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی بطور کپتان یہ 55 ٹیسٹ میچوں میں 19 ویں شکست ہےجس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ناکامیوں سے دو چار ہونے والے کپتانوں میں مصباح الحق ابتدائی دس کپتانوں کی فہرست میں نہ صرف شامل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب ایشیا میں سب سے زیادہ میچ ہارنے والے کپتانوں میں مصباح الحق سری لنکا کے ارجنا رانا ٹنگا اور بھارت کے نواب منصور علی خان پٹودی کی صف میں جا کھڑے ہوئے ہیں۔
نواب پٹودی نے بطور کپتان 40 ٹیسٹ میں 9 جیتے اور 19ہارے ،سری لنکا کے ارجنا رانا ٹنگا 60 ٹیسٹ میں 27جیتے اور 19 ہارے،جبکہ مصباح الحق 55 ٹیسٹ بطور کپتان کھیلے، 25 جیتے اور 19میں انھیں شکست کا سامنا کر نا پڑا۔