08 مئی ، 2017
پاکستان اور بھارت کے دو ایسے کرکٹر جو عوام میں خاصے مقبول ہیں ،پرفارمنس کے معاملے میں مشکل صورت حال کا شکار دکھائی دے رہے ہیں، 28 سال کے ورات کوہلی جو آئی پی ایل 2017ء میں بنگلورو رائل چیلنجر کی قیادت کر رہے ہیں ،9 میچ کھیل کر 250 رنز بنا سکے ہیں۔اس دوران انہوں نے تین نصف سنچریاں اسکور کیں۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل سے پہلے آسڑیلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میں بھی ورات کوہلی رنز بنانے کے سلسلے میں دشواری میں مبتلا رہے تھے، تین ٹیسٹ کی چھ اننگز میں کوہلی صرف 46 رنز تک محدود رہے تھے، کچھ اسی طرح کی صورت حال سے پاکستان کے احمد شہزاد بھی گز ررہے ہیں ۔
تقریباً 20 ماہ کے انتظار کے بعد قومی ٹیم میں واپس آنے والے احمد شہزاد پاکستان ٹیم کے ساتھ ان دنوں ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہیں۔
پہلے دو ٹی 20 میں محض 18 رنز بنانے والے احمد شہزاد نے پورٹ آف اسپین میں 45 گیندوں پر چھ چوکوں کے ساتھ 53 رنز بنا کر فارم کی بحالی کی جانب مثبت پیش قدمی کی،پھر پہلے ون ڈے میں انہوں نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، البتہ اگلے دو ون ڈے میں وہ صرف آٹھ ہی رنز اسکور کر سکے۔
بارباڈوس کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں احمد شہزاد نے محتاط انداز اپناتے ہوئے 191 گیندوں پر 70 رنز اسکور کئے۔
احمد شہزاد آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2017ء کے لئے پاکستان ٹیم میں شامل ہیں۔دوسری جانب ورات کوہلی بھی یقیناً بھارتی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔دیکھیں چیمپینز ٹرافی میں یہ دونوں 4 جون کو برمنگھم میں پاک بھارت ٹاکرے میں کس کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں