10 مئی ، 2017
ڈومینیکا میں آج سے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرا اور آخری ٹیسٹ پاکستان کے ریکارڈ ساز بیٹس مین یونس خان کے کیرئیر کا آخری انڑنیشنل میچ ہو گا۔
29مارچ 1977ءکو مردان میں پیدا ہونے والے39سال کے یونس خان جنھوں نے 8اپریل کو اس سال ویسٹ انڈیز روانگی سے چند گھنٹے قبل باقاعدہ پریس کانفرنس کرتے ہو ئے اعلان کیا تھا کہ اس دورے کے بعد وہ کرکٹ سے مکمل طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں ،اپنے آخری ٹیسٹ کے سوال پر مسکراتے ہوئے ان کا جواب تھا،بہت خوش ہوں ،مطمئن ہوں کہ اپنی مرضی سے عزت کیساتھ اپنے پسندیدہ کھیل کو چھوڑ کر جا رہا ہوں۔
فروری 2000ء میں راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف اولین ٹیسٹ میں سینچری بنانے والے یونس خان خواہش رکھتے ہیں کہ آخری ٹیسٹ میں بھی تین ہندسوں کی اننگز کھیلیں۔
سابق کپتان کہتے ہیں ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لئے سب سے زیادہ رنز سب سے زیادہ سینچریاں ،ہر ٹیسٹ ملک کے خلاف سینچری بنانا یقیناً مجھے اپنے ان کارناموں پر فخر ہےلیکن ساتھ ہی میں یہ خواہش رکھتا ہوں کہ پاکستان کا کوئی اور بیٹا اس سے بڑھ کر پرفارمینس دے ،ریکارڈز قائم کرے ،عین اسی طرح جس انداز میں جس طرح میں سب کو پیچھے چھوڑ کر سب سے آگے آکر کھڑا ہو گیا ہوں۔
21جون 2009ء لارڈز پر بطور کپتان آئی سی سی ورلڈ ٹی 20کی ٹرافی اٹھانا یونس خان کے بقول کیرئیر کا ایک یادگار ترین دن تھا۔
یونس خان کہتے ہیں میں نے کیرئیر میں اچھے برے دن سب ہی تو دیکھے،اپنے ملک کی قیادت کا فریضہ انجام دیا،بورڈ کی جانب سے پابندی کا بھی سامنا کیا۔اب کرکٹ چھوڑ کر جارہا ہوں تو کوئی پچھتاوا ہے نا زہن میں یہ خوف کے ہر سال ملنے والے کروڑوں روپے کیسے ملیں گے۔
سابق کپتان کہتے ہیں اللہ تعالی نے بہت دیا ہے۔اس عظیم زات کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں یونس خان تیرہویں نمبر پر ہیں۔
ڈومینیکا ٹیسٹ میں 76رنز بنا کر یونس خان بھارت کے سنیل گاواسکر کے 10122رنز سے آگے نکل سکتے ہیں۔اگر ڈومینیکا ٹیسٹ میں یونس خان کیرئیر کی 35ویں سینچری بنا کر سب سے زیادہ ٹیسٹ سینچریاں بنانے والے بیٹس مینوں کی فہرست میں چھٹا نمبر حاصل کر لیں گے۔
البتہ چوتھی اننگز میں پانچ سینچریاں اور گیارہ ملکوں میں سینچری اسکور کر نا یونس خان کا ایسا کارنامہ ہے جو دنیا میں کوئی اور ٹیسٹ بیٹس مین انجام نہیں دے سکا ہے۔
یونس خان 117ٹیسٹ میچوں میں 138 کیچ لے کر نہ صرف پاکستان کے کامیاب فیلڈر ہیںبلکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں کیچ لینے کی سینچری مکمل کر نے والے واحد فیلڈر بھی ہیں۔
فروری 2009ء میں یونس خان نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف 760منٹ میں 568گیندوں پر 27چوکوں اور 4چھکوں کیساتھ 313رنزکی اننگز کھیلی،یہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی کپتان کی سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ بھی ہے۔
ریکارڈ ساز یونس خان کے کھیلوں کے میدان میں ان کے شاندار کارناموں کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان انھیں تمغہ "حسن کارکردگی"بھی دے چکی ہے۔