07 جولائی ، 2012
ویانا. . . .یورپی ملک آسٹریا میں شدیدگرمی نے چڑیا گھر کے جانوروں کو بھی پریشان کر دیا ہے۔آسٹریا کے دارلحکومت ویانا کے چڑیا گھر کے جہاں گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے بندر اپنی شرارتیں اور ہرن اپنی چوکڑیاں بھول گئے ہیں اور تو اور شیر بادشاہ بھی اپنا راج پاٹ چھوڑ کر سایہ دار جگہ میں آرام کرتے نظر آتے ہیں۔چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کو گرمی سے بچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔جو جانور تالاب میں نہیں نہا سکتے انھیں چڑیا گھر کے اہل کار نہلاتے ہیں۔جانوروں کو پھل اور مشروبات کی اضافی مقدار دی جارہی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے طوطوں کے لیے خصوصی برفیلی خوراک تیار کی گئی ہے۔آسٹریامیں گرمی کا تیس سالہ رکارڈ ٹوٹ چکا ہے اور دوپہر میں درجہ حرارت 37ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرجاتا ہے جس سے مقامی شہری اور سیاح بھی پریشان ہیں۔