15 مئی ، 2017
ڈومینیکا میں ڈرامائی انداز میں پاکستان نے تیسرے ٹیسٹ کے آخری دن صرف چھ گیندوں پہلے میزبان ٹیم کے آخری بیٹس مین کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ 101رنز سے جیت لیا۔ساتھ ہی سیریز پاکستان دو ۔ایک سے اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب رہا۔
یہ کسی بھی پاکستانی ٹیم کی ویسٹ انڈیز میں پہلی ٹیسٹ سیریز تھی جو فتح پر ختم ہوئی۔مصباح الحق ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پہلے کپتان بن گئے۔
سن2011ءمیں مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان اور میزبان ٹیم کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے 1958ء میں پہلی بار مرحوم عبدالحفیظ کاردار کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا۔
پانچ ٹیسٹ کی سیریز ویسٹ انڈیزتین ایک سے جیتا تھا۔مجموعی طور پر پاکستان کی ویسٹ انڈیز میں یہ آٹھویں سیریز تھی۔چار سیریز میزبان ٹیم کی فتح پر ختم ہوئی تو تین سیریز ڈرا پر ختم ہوئیں۔
سن1986ء میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز میں تین ٹیسٹ کی سیریز ایک ایک سے برابر کھیلی۔
سن2005ء میں انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تو تین ٹیسٹ کی سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
ویسٹ انڈیز نے ٹیسٹ سیریز کھیلنے سات بار پاکستان کا دورہ کیا۔دو دو ٹیسٹ سیریز دونوں ٹیمیں جیتنے میں کامیاب رہیں۔تین ٹیسٹ سیریز بلا نتیجہ رہیں۔
سن2002ء اور2016ءمیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز یو اے ای میں پاکستان کی فتح پر ختم ہوئیں۔