07 جولائی ، 2012
لاہور…پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرہی لیاہے ، سابق بیٹنگ لیجنڈ کیمپس کے دوران پاکستانی بیٹسمینوں کو مفید ٹپس دینے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان ندیم سرور نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جاوید میانداد قومی ٹیم میں شامل بیٹسمینوں کو کیمپس کے دوران ٹپس دیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد کی بتائی جانیوالی ٹپس پاکستانی بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کافی مددگار ثابت ہوگی۔ واضح رہے کہ جاوید میانداد اس سے قبل بھی مختلف اوقات میں پاکستانی بیٹسمینوں کو ٹپس دینے کیلئے کیمپس کا دورہ کرتے رہے ہیں۔