پاکستان
17 مئی ، 2017

پورے پاکستان سے جیت کر دکھاؤں گا، آصف زرداری

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ اس دفعہ آر او انتخابات کوبرداشت نہیں کیا جائے گا، پولنگ اسٹیشن سےرزلٹ لے کر اٹھیں گے، پورے پاکستان سے جیت کر دکھاؤں گا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جنگوں سے صرف مسلمانوں کا نقصان ہو رہا ہے، اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران میں نے کہا تھا کہ ہم دنیا میں جاری جنگیں ہار رہے ہیں، ناسمجھ لوگوں کی وجہ سے پاکستان پر جنگ تھوپی گئی۔

آصف زرداری نے کہا کہ پشاور کا دورہ سیاسی سرگرمیوں کا حصہ تھا، آتا رہوں گا،پارٹی کارکنوں کا پیار ملا، ان سے وعدہ کیاہےکہ دوبارہ آؤں گااورملاقاتیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں سرکاری ملازمین سے ملاقاتیں ہوئیں، کسی نے نہیں کہا کہ وہ خوش ہیں۔

سابق صدر نے مطالبہ کیا کہ سانحہ اے پی ایس کی تحقیقات منظر عام پر لائی جائیں۔

انہو ںنے کہا کہ خیبرپختونخوامیں کہیں بھی نیا پاکستان نہیں دیکھا،مجھے تو یہاں پرانا پاکستان بھی خراب ہوتا ہوااور اجڑا ہوا نظر آیا۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلزپارٹی نے انتخابی مہم نہیں چلائی،وہ آر او انتخابات تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شیر اب شیر نہیں درندہ ہے،شیر ہر کمزور چیز کو کھاجاتا ہے، میاں صاحب بھی کہہ رہے ہیں کبوتر کو کھاؤں گا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ بلاول اور میں پنجاب اور بلوچستان میں، جبکہ آصفہ اور میری بہن سندھ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے تو نہیں لگتا کہ خیبرپختونخوامیں کوئی نئی جماعت آئے گی،سونامی سےتباہی ہوتی ہے، امید ہے خیبرپختونخوا میں اگلی دفعہ سونامی نہیں آئے گا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیب ون سائیڈڈ اسٹوری ہے،حکومتی پارٹی میں وزراء ایک دوسرے کے ساتھ ملاقاتیں نہیں کرتے،چیف جسٹس نےکسی کو گاڈ فادر کہا ہے تو اب میں کیا کہوں؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورے پاکستان میں جیت کر دکھاؤں گا، میاں صاحب سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا،میاں صاحب سے عالمی امور بھی نہیں چلائے جا رہے،پی ایس پی کو پارٹی نہیں مانتا۔

مزید خبریں :