07 جولائی ، 2012
کوئٹہ … گوادر سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 7 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ گزشتہ روز تربت میں فائرنگ سے ہلاک 18 افراد کی میتیں کراچی روانہ کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق گوادر میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث 7 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، گرفتار ایجنٹوں سے گزشتہ روز تربت میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع تربت میں گزشتہ روز فائرنگ سے ہلاک 18افراد کی میتیں کراچی روانہ کردی گئی ہیں جبکہ واقعے کا مقدمہ لیویز تھانے میں درج کر لیا گیا۔ سیکریٹری داخلہ بلوچستان نصیب اللہ بازئی نے جیو نیوز کوبتایا کہ 18افراد کی میتوں کو تربت سے کراچی روانہ کردیا گیا ہے ان میں 3 افرادکی شنا خت ہوگئی ہے، 2کا تعلق گوجرانوالہ اور ایک کا سیالکوٹ سے ہے جبکہ اس واقعہ میں ہلاک ہونیوالے باقی 15 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ لواحقین میتوں کی شناخت کیلئے کراچی میں ایدھی سینٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تربت کے علاقے میں 18افراد کی ہلاکت کا مقدمہ کھڈان لیویز تھانے کے نائب تحصیلدار رسول بخش کی مدعیت میں نامعلوم مسلح افراد کے خلاف درج کر لیا گیا۔