07 جولائی ، 2012
کراچی… کراچی سے دو روز قبل پکڑے جانے والی مورتیوں کا مقدمہ چار افراد کے خلاف درج کرکے گرفتار ملزمان کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ جبکہ برآمد ہونے والے مجسموں میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجسمہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق دو روز قبل کنٹینر کے ذریعے اسمگل ہونے والی قیمتی نوادرات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناکر دو ملزمان کو گرفتار بھی کیا تھا۔عوامی تھانہ پولیس نے گرفتار ملزمان سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جبکہ پولیس نے دونوں گرفتار افراد کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔ گرفتار افراد کی نشاندہی پر مقدمہ میں عاطف بٹ اور آصف بٹ نامی افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد نے بتایا ہے کہ دونوں افراد نے اس کنیٹنر میں سامان بک کرایا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو گرفتار کرنے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق برآمد ہونے والا مجسمہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجسمہ ہے۔یہ مجسمہ94 انچ طویل اور 70 انچ چوڑا ہے۔اب تک 80 مورتیوں کی انونٹری تیار کی گئی ہے ، جس کا تخمینہ اسی کڑوڑ روپے کے قریب ہے، جبکہ مزید مجسموں کی انونٹری تیار کی جارہی ہے۔