07 جولائی ، 2012
مظفرآباد…وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے دہری شہریت ختم کرنے کے قانون کو کالا قانون اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی،سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں سے دوہری شہریت کی بحالی کا بل متفقہ طور پر منظور کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی پسند اورنا پسند سے بالا تر ہو کر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں متحد ہو جائیں اور دوہری شہریت کی بحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد لا کھوں کشمیری مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہترین سفارت کاری کرنے کے علاوہ زرمبادلہ میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اگر ان کی شناخت ختم کر دی گئی تو اس سے تحریک آزادی کشمیر متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان زرمبادلہ کی خطیر رقم سے محروم ہو جائے گا۔