کھیل
21 مئی ، 2017

عمر اکمل اور ٹیم مینجمنٹ میں تنائو ،فٹنس ٹیسٹ میں بھی ناکام!

عمر اکمل اور ٹیم مینجمنٹ میں تنائو ،فٹنس ٹیسٹ میں بھی ناکام!

پاکستان کے لئے 16 ٹیسٹ 114 ون ڈے اور 63 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے عمر اکمل اور برمنگھم میں موجود ٹیم مینجمنٹ میں تنائو بڑھ گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 26 سال کے عمر اکمل جنھیں قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کی لئے فٹنس کو بنیاد بنا کر ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا،انھیں ٹیم مینجمنٹ نے برمنگھم میں فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہو نے کی رپورٹ پیش کی ہے۔

اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد اب اس بات کی بازگشت ہے کہ کوچ مکی آرتھر یہ فیصلہ کرینگے ،آیا عمر اکمل چیمپئنز ٹرافی کے دوران ٹیم کیساتھ رہ بھی سکتے ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ قومی ٹیم کے ٹرینر گرانٹ لوڈن بھی عمر اکمل کی فٹنس پر تحفظات رکھتے ہیں ،حیران کن امر یہ ہے کہ 17مئی سے برمنگھم میں شروع ہونے والے قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں مڈل آرڈر بیٹس مین کو نیٹ پر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔

بیٹنگ نہ ملنے کا واضح مطلب ہے کہ کوچ مکی آرتھر چیمپئنز ٹرافی میں عمر اکمل کی سلیکشن پر قومی سلیکشن کمیٹی سے متفق نہیں ۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر عمر اکمل فٹنس میں مکمل طور پر پورے نہیں اترتے تو انھیں کس بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔اب عمر اکمل کی فٹنس کا پرچہ آوٹ ہو چکا ہے،دیکھیں نتیجہ کیا نکلتا ہے؟

مزید خبریں :