22 مئی ، 2017
بالی وڈ میں سب سے بڑا اور کامیاب ڈائریکٹر کون ہے ؟یہ سوال آسان نہیں کیونکہ ایک نہیں کئی نام آپ کے ذہن میں آنا شروع ہوجائیں گےلیکن اگر یہی سوال ایسے ہو کہ بالی وڈ میں سب سے زیادہ فلاپ فلمیں دینے والا سب سے ناکام ہدایتکار کون ہے؟تو سب کے ذہن میں ایک ہی نام آئے گا پھٹیچر فلموں کی ”کمپنی“فلاپ فلموں کی” سرکار“ رام گوپال ورما۔
فلاپ فلمیں بنانے میں مشہور ودھو ونود چوپڑا،انوراگ کشیپ اور سنجے گپتا ناکامی کے میدان میں اپنے استاد رام گوپال ورما سے بہت پیچھے ہیں۔رام گوپال ورما نے بالی وڈ کیلئے 26سال میں بطور ڈائریکٹر پوری 31فلمیں بنائیں۔امیتابھ ،عامر خان،اجے دیو گن،سنجے دت،ارمیلا،ویویک اوبرائے، ایشوریہ اور جیکی شیروف سمیت بالی وڈ کے کئی ستاروں کے ساتھ کام کیا لیکن رام گوپال ورما نے فلم انڈسٹری کو پانچ یا دس نہیں پوری 23فلاپ فلمیں دیں۔
رام گوپال ورما کی ہٹ فلموں میں سب سے مشہور عامر خان کے ساتھ رنگیلا،منوج باجپائی کے ساتھ ستیہ،اجے دیوگن اورویویک کے ساتھ’ کمپنی‘ اور امیتابھ بچن کے ساتھ سرکار شامل ہیں لیکن رام گوپال ورما کی ان سب ہٹ فلموں کی کامیابی پر ان کی سب سے ڈبہ فلم رام گوپال ورما کی آگ کی ناکامی ہی بھاری ہے۔
رام گوپال ورما کی آگ ہی وہ فلم ہے جس کے ”شعلوں“ میں وہ ایسا جھلسے کہ پھر سنبھل نہیں سکے۔یہ وہ فلم ہے جس سے بالی وڈ کی سب سے بڑی فلم ”شعلے “ کو چیلنج کیا گیا تھا اسے ریمیک کیا گیا تھا۔گبر کا رول ببن بن کر کسی اور نے نہیں خود امیتابھ بچن نے ادا کیا اور یہ فلم امیتابھ بچن کے کیریئر پر لگا سب سے بدنما داغ بن گئی۔
پانچ سال صرف سینما وٴں پر لگنے والے شعلے جتنی بڑی اور کامیاب فلم تھی اس کے برعکس رام گوپال ورما کی آگ اتنی ہی بڑی فلاپ ۔یہ فلم باکس آفس پر ایک ہفتے بھی ٹہر نہیں پائی۔اپنی ہیروئن سے قریب اور ہیروز سے ناراض رہنے والے رام گوپال ورما نے پہلے ارمیلا اور پھر انترا مالی کیلئے کئی فلمیں بنائیں۔
صرف ارمیلا نے رام گوپال ورما کی 8سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ اپنے کیریئر کے شروع میں ہی رام گوپال ورما نے اپنی سب سے کامیاب فلم ”رنگیلا“کے ہیرو عامر خان کو نان ایکٹر قرار دے دیا اور پھر ”دوڑ“ کی ناکامی کا سارا ذمہ دار سنجے دت کو قرار دے دیا۔
رام گوپال ورما کی کئی فلاپ فلموں کو بھی شروع میں ناقدین نے پسند کیا،فلم کون،ناچ،رن اور رخت چریتا وہ ناکام فلمیں تھیں جنھیں کریٹکس نے منفرد فلموں میں” ریٹ “کیا اور واقعی یہ فلمیں ذرا نہیں واقعی ہَٹ کر تھیں۔رام گوپال ورما کی انڈر ورلڈاور سیاست سے جڑی فلموں کو سب سے زیادہ پسندکیا گیا جن میں ستیہ،کمپنی،سرکار اور رخت چریتا شامل تھیں۔
رام گوپال ورما نے فلم انڈسٹری کو وویک اوبرائے، ناگ ارجن اور منوج باجپائی جیسے اداکار بھی دئیے ،اے آر رحمٰن کو بالی وڈ میں چانس دیااور ارمیلا کو رنگیلا سے نئی پہچان دی۔
رام گوپال ورمابالی وڈ میں ناکام ہونے کے بعد بھی بے مثال ہیں، ان کی فلمیں اپنا مخصوص میوزک،گانے ، کیمرہ اینگل اور ایکشن رکھتی ہیں۔رام گوپال ورما کو پسند کرنے والے بھی ان کی فلموں میں تشدد کی بہت زیادہ موجودگی کی شکایت کرتے ہیں۔
رام گوپال ورما نے صرف شعلے کو ری میک کر کے ہی کلاسک فلم کو ڈبہ نہیں بنایا بلکہ اپنی مشہور فلموں کو بھی دوبارہ بنایا جیسے فلم” رات“ کو انھوں نے دوبارہ ”بھوت“ بنا کر کامیابی سمیٹی لیکن فلم شیوا کو دوبارہ اسی نام سے بنا کر بہت سارا پیسہ ڈبویا۔خیر پیسہ تو رام گوپال ورما نے اتنا ڈبویا ہے کہ گِنا بھی نہیں جاسکتا۔
رام گوپال ورما کی آخری کامیاب فلم”پھونک“دس سال پہلے ریلیز ہوئی تھی اس ”پھونک“ سے پہلے رامو نے مسلسل7ناکام فلمیں دیں اور پھونک کے بعد مسلسل 11فلمیں جن میں آخری فلم کا نام” سرکار تھری “ ہے۔